لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے مالک سمیت 5افراد ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک

لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے مالک سمیت 5افراد ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک

لندن(آئی این پی)برطانوی شہر لیسسٹر میں کنگ پاور اسٹیڈیم کے باہر ہیلی کاپٹر گرنے سے مشہور فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت تمام5افراد ہلاک ہوگئے۔فٹبال کلب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں فٹبال کلب کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت5افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔رپورٹس کے مطابق وچائی سریودھاناپ رابھا کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں ہلاک ہونے والوں میں 53سالہ پائلٹ ایرک سوافر، ان کی 46سالہ دوست روزا لیچووکس اور وچائی سریودھاناپ رابھا کے اسٹاف کے 2ارکان نرسارا سکنامائی اور کاویپورن پن پرے شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کنگ پاور اسٹیڈیم سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی بے قابو ہوگیا اور کلب کی اسٹاف کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا۔فٹبال کلب نے اپنے اعلامیے میں لکھا، 'دنیا ایک عظیم شخص سے محروم ہوگئی۔ ایک ایسا شخص جو نہایت مہربان اور سخی تھا اور جس کی پوری زندگی اپنے خاندان کے لیے محبت اور ان لوگوں کے لیے وقف تھی، جن کو اس نے کامیابی سے ہمکنار کروایا۔وچائی سریودھاناپ رابھا کی ہلاکت کے بعد لیسسٹر فٹبال کلب کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے تمام میچز منسوخ کر دیئے گئے۔دوسری جانب ایئر انویسٹی گیشن برانچ نے ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول