بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر حتمی بات نہیں کروں گا،سعید غنی

بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر حتمی بات نہیں کروں گا،سعید غنی

سکھر(خصوصی نامہ نگار)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ پورے ملک میں بلدیاتی نظام ایک ہو۔ صوبے میں ایک جیسا نظام نہیں ہو سکتا تو سب جگہ کیسے ہو سکتا ہے۔پیر کو سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر حتمی بات نہیں کروں گا۔ شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنا ترجیح ہے۔ سکھر میں شہریوں کو پینے کے لیے صاف پانی نہیں مل رہا۔انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف کارروائی کریں تو وہ عدالت چلے جاتے ہیں، جعلی بھرتی ملازمین کو ہٹائیں گے تو وہ سڑکوں پر آئیں گے، کوریج ملے گی۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو اختیار نہیں وہ کسی صوبے کو بلدیاتی انتخابات پر ڈکٹیٹ کریں۔ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ پورے ملک میں بلدیاتی نظام ایک ہو۔ صوبے میں ایک جیسا نظام نہیں ہو سکتا تو سب جگہ کیسے ہو سکتا ہے۔وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو جو لوگ سمجھا رہے ہیں ان کو خود بھی سمجھنا چاہیئے۔ کرپشن کسی نے کی ہے تو عمران خان کا کام پکڑنا نہیں ہے۔ چیئرمین نیب جس طرح سے وزیر اعظم سے ملے اس پر حیرت ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول