معیاری تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا : محمود خان

معیاری تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا : محمود خان

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تعلیم کے فروغ کیلئے ضلعی حکومت پشاور کے اقدامات کو سراہا اور کہا ہے کہ صوبے کے باقی اضلاع بھی ان اقدامات کی پیروی کریں معیاری تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ ہم اساتذہ کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور عزت دیں گے۔ اساتذہ معاشرے کے ستون ہیں ایک باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کا وجود انہی کے دم قدم سے ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی حکومتوں کو وسائل جس مد میں مہیا کیے جاتے ہیں اسی میں خرچ ہونے چاہئیں۔ ضلعی حکومتوں کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کا پروگرام ہے ۔ یہ عمران خان کا وژن ہے کہ عوام کو انکی دہلیز پر انصاف اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پشاور میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 2018 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام ضلعی حکومت پشاور کی طرف سے کیا گیا۔ پشاور کے مختلف سرکاری سکولوں کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 5 طلباء اور 5 طالبات کو فی کس ایک لیپ ٹاپ اور 35 ہزار روپے نقد انعامات دیے گئے۔ جبکہ دیگر پوزیشن ہولڈرز میں 109 طلباء اور 77 طالبات کو فی کس 35 ہزار روپے نقد انعامات سے نوازا گیا۔ میونسپل سکولز کے دو طالب علموں کو بھی لیپ ٹاپ اور نقد انعامات دیے گئے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش ، مشیر برائے آئی ٹی کامران بنگش، اراکین صوبائی اسمبلی، ضلع ناظم ارباب عاصم، دیگر ضلعی حکام، اساتذہ کرام، طلباء و طالبات اور انکے والدین نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے ضلعی حکومت پشاور کی طرف سے تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان اقدامات کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ تعلیم کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انکی حکومت اساتذہ کو عزت دے گی۔ اساتذہ بچوں کی تعلیم و تربیت کرتے ہیں اور آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں جنکی تعلیم و تربیت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ صوبے میں تعلیم کے معیار پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے سکولوں میں ناپید سہولیات کی مکمل فراہمی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں سابق حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کو مکمل کیا جارہا ہے محمود خان نے کہا کہ دیگر ضلعی حکومتوں کو بھی ضلعی حکومت پشاور کے تعلیم کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور حکمت عملی کی پیروی کرنی چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی حکومتیں وسائل کے شفاف اور برمحل استعمال کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے ہر ادارے میں گراں قدر اصلاحات کی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ہم آئندہ پانچ سالوں میں بھی اصلاحات کے اس عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار عوام نے کسی پر دوبارہ اعتماد کیا ہے تو وہ تحریک انصاف ہے لہٰذا ہم پر بڑی ذمہ داری ہے ہم نے ہر حال میں ڈیلیور کرنا ہے اور عوامی توقعات کے مطابق کام کرنا ہے۔ عوام کے تعاون سے ترقی یافتہ اور خوشحال خیبر پختونخواہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کے نظام کو مذید مضبوط بنانا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے ہم عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر دینے کیلئے بھرپور اقدامات کرینگے ۔وزیراعلی نے اس موقع پرپوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات،انکے والدین اور اساتذہ کرام کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ طلباء و طالبات مزید محنت کریں گے۔

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ وہ پشاور میں تاجر برادری کے جائز مسائل حل کرینگے ۔ زیرتعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ ایک بہترین منصوبہ ہے، جس سے پشاور کے عوام اور تاجر برادری مستفید ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں چیئر مین حاجی عبدالنصیر کی سربراہی میں پشاور کینٹ سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد نے محمود خان کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی کے وژن اور مشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں وفد نے مالی وسائل پیدا کرنے اور معیشت کے استحکام میں تعاون کرنے کا بھی یقین دلایا ۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری کی طرف سے تعاون کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ ان کی حکومت تاجر برادری کو درپیش جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں۔ پشاور میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا زیرتعمیر پشاور بس ریپڈ منصوبہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے نا صرف شہریوں کو بہترین سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ تاجر برادری بھی اس منصوبے سے یکساں مستفید ہوگی۔

مزید : کراچی صفحہ اول