منشیات کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے،محمود جان

منشیات کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے،محمود جان

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان نے کہا کہ منشیات اور پیشہ ور گداگری لعنت ہے اور اس کے عادی افراد معاشرے کیلئے ایک بڑا چیلینج ہیں ان افراد کی بحالی سمیت منشیات کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ منشیات اور گداگری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کیا اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی آسیہ اسد ، عائشہ نعیم ، عائشہ بانو ، ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ قانون، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود ، ایس پی کینٹ اور ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود نے شرکت کی ۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آئس سمیت تمام دیگر منشیات ہمارے نوجوانوں کی زندگیوں کیلئے بڑا خطرہ ہے اور اس کا قلع قمع کرنا حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے جس کیلئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر نے تعلیمی اداروں کو منشیات فری بنانے پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم اور ایڈیشنل سیکرٹر ی اعلیٰ تعلیم کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں ضروری قانون سازی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سخت سے سخت سزاؤں سے ہی منشیا ت کی روک تھام ممکن حد تک کم کی جاسکتی ہے ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ منشیات و گداگری کی روک تھام کیلئے ایک کمپلینٹ سیل قائم کیا جائے گا کمپلینٹ سیل کے علاوہ اس سلسلے میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ہر مہینے ایک اجلاس بلایا جائے گا جسمیں منشیات کیخلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا ۔

مزید : کراچی صفحہ اول