کیٹیگری ڈی ہسپتال کالو خان کی کیٹیگری سی میں اپ گریڈیشن کی منظوری

کیٹیگری ڈی ہسپتال کالو خان کی کیٹیگری سی میں اپ گریڈیشن کی منظوری

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام ترکئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس سلسلے میں جہاں نئے ہسپتال تعمیر کیے جارہے ہیں وہیں پہلے سے قائم ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی علاوہ ان کو مزید سہولیات سے آراستہ بھی کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کالو خان ہسپتال صوابی کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں محکمہ صحت اور تعمیرات و مواصلات کے حکام کے علاوہ ڈی ایچ او صوابی بھی شریک ہوئے اجلاس میں بتایا گیا کہ مذکورہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں 30کروڑ روپے رکھے گئے ہیں شہرام ترکئی کا اس موقع پرکہنا تھا کہ مذکورہ ہسپتال کو "ڈی "سے "سی"کیٹیگری میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس سے اس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر ہونگی انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ اپ گریڈیشن کے بعد مذکورہ ہسپتال میں نئے بلاکس کی تعمیر کیلئے جلد سے جلد محکمانہ کارروائی مکمل کرکے عملا کام کا آغاز کیا جائے وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ وہ ہسپتال کے حوالے سے تمام معاملات اور اس پر کام کی خود نگرانی کرینگے اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کیساتھ بھر پور تعاون اور ان کی رہنمائی کیجائیگی انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئر مین عمران خان کے وژن کے مطابق سرمایہ عوام پر خرچ کیا جارہا ہے کیوں کہ عوام ہی سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ مذکورہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے اس کا پی سی ٹو کی تیاری سمیت دیگر معاملات جلد سے جلد کریں۔

مزید : کراچی صفحہ اول