امام حسین اور شہدائے کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

امام حسین اور شہدائے کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی)نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج (منگل) کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایاجائے گا ۔اس مناسبت سے ملک بھر کی مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار زکا اہتمام کیا جائے گا، علم، ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائے گاجن میں علما ء اور ذاکرین شہدا ئے کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے ،آج نکلنے والے جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ چہلم حضرت امام حسین کے جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔جلوس کی سکیورٹی کے لئے 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ جلوس کے روٹ میں شامل تجارتی مراکز عارضی طور پر بند رکھے جائیں گے ۔ جلوس کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینرز، خاردار تاروں اور بیریئرز کی مدد سے بند رکھے جائیں گے ۔عزا داروں کو 3سطحی سکیورٹی حصار سے گزرنا ہو گا ۔میٹل ڈیٹکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی مدد سے جلوس میں شامل ہونے والوں کو چیک کیا جائے گا ۔اونچی عمارتوں پر سنائپرز جبکہ اطراف میں ایلیٹ فورس، رینجرز اور ڈالفن سکواڈ کے اہلکار گشت کریں گے ۔ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹ پلان بھی تیار کرلیا گیا ۔شہری اپنی گاڑی، موٹر سائیکل گریٹر اقبال پارک،ناصر باغ ،موری گیٹ اور دربار آئی ہسپتال، پارکنگ سنٹرل ماڈل ٹان،اکبری گیٹ،موچی گیٹ ،اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ میں پارک کر سکیں گے ۔شاہدرہ کی طرف سے لاہورشہرمیں داخل ہونے والی ٹریفک آزادی چوک سے ریلوے اسٹیشن اورچوک نیازی شہیدسے بندروڈسگیاں کی جانب بھجوائی جائے گی ۔ملتان روڈچوک چوبرجی کی جانب سے آنیوالی ٹریفک کوچوک ایم اے اوکالج سے ساندہ روڈ،بندروڈ ڈائیورٹ کیا جائے گا ۔جلوس کے اختتام تک لوئر مال،پیر مکی یوٹرن ،ضلع کچہری،اندرون سرکلر روڈ،موری گیٹ تا چوک اسلامیہ اور لوئر مال سے ملحقہ شاہراہیں بند رہیں گی ۔پولیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شاہدرہ موڑ تا ایم اے او کالج میٹرو بس سروس معطل رہے گی ۔جلوس کے روٹ پر جیمرز کی مدد سے موبائل سروس بھی عارظی طور پر بند رکھی جائے گی ۔چہلم کے جلوس کے روٹ اور عرس حضرت داتا گنج بخش کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی نیاز ، سبیل وغیرہ بغیر تصدیق کے قبول نہ کریں ۔ ایمبولینس کو بھی تلاشی کے بعد متعلقہ جگہ جانے کی اجازت دی جائے۔
چہلم امام حسینؓ