چین بھارت سرحدی مذاکرات کا 21واں دور23نومبر کو ہوگا

چین بھارت سرحدی مذاکرات کا 21واں دور23نومبر کو ہوگا

بیجنگ(آئی این پی)بھارت اور چین کے درمیان سرحدی مذاکرات کا21واں دور آئندہ ماہ چین میں ہوگا۔ان مذاکرات کو دونوں ممالک کے تعلقات میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تنازعات حل کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔بھارت کی طرف سے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دول اور چین کی طرف سے وزیر خارجہ وانگ ای مذاکرات کی قیادت کرینگے۔چینی ذرائع کے مطابق مسٹر دول اور وانگ ای کو23نومبر کو ہونے والے 3روزہ مذاکرات کے لیے خصوصی نمائندے مقرر کیا گیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ مذاکرات کے اس دور میں پہلی بار شریک ہو رہے ہیں۔قبل ازیں اس سال ہونے والے مذاکرات میں سیٹیٹ کونسلر یانگ جی چی نے شرکت کی تھی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ مذاکرات بیجنگ سے باہر کسی جگہ ہو سکتے ہیں تاہم ابھی اس کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بھارت اور چین کے درمیان3488کلو میٹر طویل لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی)پر تنازعات موجود ہیں۔ مذاکرات کا سابقہ دور دہلی میں مسٹر دول اور مسٹر یانگ کے درمیان ہوا تھا۔

مزید : عالمی منظر