وہ لڑکی جس نے پورا سال کچھ بھی کئے بغیر اڑھائی ارب روپے کما ڈالے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) یقینا ہر شخص کی خواہش ہو گی کہ وہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہے اور اس کا بینک اکاﺅنٹ خود بخود رقم سے بھرتا چلا جائے۔اگرچہ عملاً یہ خواہش دیوانے کا خواب ہی نظر آتی ہے مگر ایک برطانوی لڑکی ایسی ہے جس نے پورا سال کچھ بھی نہیں کیا اور اس کے باوجود اڑھائی ارب روپے کما لیے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ لڑکی برطانیہ کی معروف گلوکارہ اڈیل ہے جو ملک کی امیر ترین نوجوان سٹار ہے۔ 2017ءمیں اس کی دولت 13کروڑ 20لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 22 ارب 42 کروڑ 75لاکھ روپے) تھی جو ایک سال میں بڑھ کر اس وقت 14کروڑ 70لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 24 ارب 97 کروڑ 61لاکھ روپے) ہو چکی ہے، حالانکہ اس ایک سال کے دوران 30سالہ اڈیل نے اپنا کوئی نیا گانا ریلیز نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق اڈیل نے اپنا آخری میوزک البم2015ءمیں ریلیز کیا تھا، تب سے وہ اپنے بیٹے اینجیلو، جس کی عمر اس وقت 6سال ہے، کی نگہداشت میں مشغول ہے اورفیملی کو وقت دینے کی غرض سے عارضی طور پر موسیقی سے کنارہ کش ہے۔اڈیل کئی سال سے برطانیہ کی امیر ترین سٹار کا اعزاز اپنے نام برقرار رکھے ہوئے ہے۔ وہ کئی شہروں میں کروڑوں کی پراپرٹی کی بھی مالک ہے۔ لندن میں اس کے دو گھر ہیں جن کی مالیت 1کروڑ 10لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 1ارب 86کروڑ89لاکھ روپے) ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایسٹ سسیکس کے شہر ہووے میں بھی 25لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 42کروڑ 47لاکھ روپے) مالیت کے ایک لگژری گھر کی مالک ہیں جو ساحل سمندر پر واقع ہے اور اب اڈیل اور اس کا 44سالہ شوہر سائمن کنیکی بیورلے ہلز میں 65لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 1ارب 10کروڑ 43لاکھ روپے) کا ایک لگژری مینشن خریدنے جا رہے ہیں۔