کس طرح کے کپ سے چائے پی جائے تو ذائقہ بہترین ہوتا ہے؟ وہ بات جسے جان کر پاکستانی خوش ہوجائیں گے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) چائے رسیا حضرات کو اگر اپنی بیگم کے ہاتھ کی چائے اچھی نہیں لگتی اور وہ کوئی اہم فیصلہ کرنے کا سوچ رہے ہیں تو ذرا ٹھہرجائیں، کچھ اور تبدیل کرنے کی بجائے اپنا کپ تبدیل کرکے دیکھ لیں،یقینا فائدہ ہو گا کیونکہ اب آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس حوالے انتہائی حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ہلکے وزن والے کپ یا پیپر کپ کی بجائے اگر بھاری بھرکم مگ میں چائے پی جائے تو وہ زیادہ مزیدار لگتی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہر نفسیات چارلس سپینس کا کہنا تھا کہ اس تحقیق میں ہم نے درجنوں رضاکاروں پر تجربات کیے۔ ہم نے انہیں دو گروپوں میں تقسیم کرکے دو میزوں پر بٹھا دیا۔ ان میں سے ایک ہی وقت بنائی گئی چائے پہلی میز کے لوگوں کو پیپرکپ میں ڈال کر دی اور دوسری میزوالوں کو مگ میں، چند گھنٹے بعد دوبار انہیں چائے پیش کی گئی تاہم اس بار پیپرکپ او رمگ کی ترتیب بدل دی گئی۔ دونوں بار دونوں گروپوں کو ایک ہی وقت اور ایک ہی برتن میں بنائی گئی چائے دی گئی اور دونوں گروپوں کے لوگوں نے اس چائے کو زیادہ مزیدار قرار دیا جو انہوں نے مگ میں پی تھی۔“
پروفیسر چارلس کا کہنا تھا کہ ”ہم جو کچھ کھا یا پی رہے ہوتے ہیں اس کے ذائقے میں ہماری نفسیات کا بہت عمل دخل ہوتا ہے۔ ہمارے ہاتھ میں جو چیز ہوتی ہے ہمارا ذہن اس کا اثر قبول کرتا ہے، جیسا کہ ہماری اس تحقیق میں ثابت ہوا۔ ہم نے صرف ان لوگوں کے ہاتھوں میں موجود ہلکے کپوں کی جگہ بھاری مگ دئیے۔ اس کا ان کے دماغ پر یہ اثر ہوا کہ انہوں نے اسی چائے کو زیادہ مزیدار قرار دے دیا جو وہ پہلے ہلکے کپوں میں پی رہے تھے۔“