گھر کے دروازے لگانے کیلئے پیسے نہیں گولی کہاں سے خریدیں گے ؟محنت کش نیاز خان کے بھائی کا اعظم سواتی سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ

گھر کے دروازے لگانے کیلئے پیسے نہیں گولی کہاں سے خریدیں گے ؟محنت کش نیاز خان ...
گھر کے دروازے لگانے کیلئے پیسے نہیں گولی کہاں سے خریدیں گے ؟محنت کش نیاز خان کے بھائی کا اعظم سواتی سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اعظم سواتی کے فارم ہاﺅس میں بھینس داخل کرنے اور ان کے ملازمین سے جھگڑے کے الزام میں نیاز خان کے اہل خانہ کی گرفتار ی پر نیاز خان کے بھائی عبد اللہ نے پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اعظم سواتی سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ کردیا ۔

جیونیوز کے مطابق عبداللہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی کے لوگوں نے گھر پر حملہ کیا، خواتین کے بال نوچے گئے، وفاقی وزیر تین دن میں استعفیٰ دیں ورنہ دھرنا دیا جائے گا ۔ عبداللہ نے کہا کہ میرے بھائی نے جو کچھ کیا اپنی عزت بچانے کے لیے کیا، وفاقی وزیر اعظم سواتی سب کچھ کرنے کے بعد اب بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کا رواج ہے کہ مرد لڑتے ہیں لیکن خواتین پر ہاتھ نہیں اٹھاتے، میرے بھائی کے بچوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، میرے بھائی کے پاس کھانے کے پیسے نہیں تو گولی کہاں سے لے گا؟

عبد اللہ  نے الزام عائد کیا کہ اعظم سواتی میرے بھائی کے گھر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر کے بیٹے عثمان سواتی نے کہا کہ تم مجھ سے ٹکر نہیں لے سکتے۔انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کہ وہ وفاقی وزیر اعظم سواتی کی رکنیت فوری معطل کریں ، اگر تین ر وز کے اندر یہ کام نہ کیا گیا تو وزیر اعظم کے گھر کے باہر دھرنا دیا جائے گا ۔

مزید : اہم خبریں /قومی /جرم و انصاف