”بڑی تعداد میں کیلے اور بیگمات کو ہمارے ساتھ“ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم نے اپنے بورڈ سے ایسی فرمائش کردی کہ انوشکا شرما بھی شرم سے پانی پانی ہو جائیں

”بڑی تعداد میں کیلے اور بیگمات کو ہمارے ساتھ“ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم نے ...
”بڑی تعداد میں کیلے اور بیگمات کو ہمارے ساتھ“ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم نے اپنے بورڈ سے ایسی فرمائش کردی کہ انوشکا شرما بھی شرم سے پانی پانی ہو جائیں

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )اگلے سال انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کا بڑا میلہ لگے گا جہاں دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی اور ایونٹ اپنے نام کر نے کے لیے بھر پور زور لگائیں گی بھارتی ٹیم بھی اس ایونٹ کے لیے بھر پور تیاری کر رہی ہے تاہم ویرات کوہلی اور ٹیم مینجمنٹ نے ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے بڑی تعداد میں کیلے ،ٹرین کوچ ریزرو اور سفر کے دوران بیگمات کو ساتھ رکھنے کی اجازت مانگنے کے لیے درخواست کی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ درخواست ٹیم مینجمنٹ نے کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن (CoA) کے ساتھ ہونے والے جائزہ اجلاس کے دوران کی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں کو ان کے من پسند فروٹس فراہم کرنے میں ناکامی کے بعد یہ درخواست کی گئی ہے جبکہ کمیٹی نے درخواست پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو صورتحال سے ٹیم منیجر کو آگاہ کرنا چاہئے تھا تاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے خرچے پر کیلے خریدے جاتے۔

اجلاس کے دوران کھلاڑیوں کے لئے بک کیے جانے والے ہوٹلز میں جم کی مناسب سہولیات اور دورے کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ بیگمات کے قیام اور انہیں پروٹوکول سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔جائزہ اجلاس میں کپتان ویرات کوہلی، ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکے رہانے، ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان روہیت شرما، کوچ روی شاستری اور چیئرمین سلیکٹرز ایم ایس کے پرساد نے شرکت کی۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /کھیل