محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ مہمند کیخلاف ورسک روڈ پر احتجاجی مظاہرہ
پشاور (سٹی رپورٹر)مچنی مہمند کے رہائشیوں نے ڈبکور خوڑ کے قریب سٹیل کارخانہ کو بند نہ کرانے پر محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ مہمند کیخلاف ورسک روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر اس سلسلے میں نوٹس نہ کیا گیا تو احتجاج میں شدت لائینگے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مچنی مہمند ڈبکور خوڑ کے قریب سٹیل کارخانہ گزشتہ کئی ماہ سے قائم ہے جس کا دھواں زہر آلود ہے اور اس دھویں کے باعث قریبی آبادی کے افراد میں بیماریاں پھیلتی جارہی ہیں جبکہ ماحول بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ اس کارخانے کیخلاف کارروائی کرانے کیلئے علاقہ مکینوں نے کئی بار محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کے حکام کو درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی جس سے لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے اسلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا‘ ڈی جی محکمہ ماحولیات‘ کمشنر پشاور ڈویژن‘ ڈی سی مہمند اور دیگر متعلقہ حکام مذکورہ سٹیل کارخانے کیخلاف نوٹس لیکر کارروائی کرے ورنہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرینگے۔
