مہمند، پاکستان پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کریگی
مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، پاکستان پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کریگی۔ کارکن قافلے کی شکل میں روانہ ہونگے۔ ضلع مہمند میں منتخب نمائندے غلط سیاسی کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ ضلع مہمند کے بنیادی مسائل حل نہ ہوئے تو بھر پور احتجاج کرینگے۔ مہمند پریس کلب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سابقہ اُمیدوار PK-103 ارشد بختیار، سینئر رہنماء جنگریز خان، جنرل سیکرٹری فضل ہادی، شاہسوار مہمند اور ارشد خان لالا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مہمند کے کارکن آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کرینگے۔ اور 31 اکتوبر کو قافلے کی صورت میں اسلام آباد روانہ ہونگے۔ انہوں نے ضلع مہمند میں منتخب نمائندوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ذاتیات پر اُترآنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ منتخب نمائندے صرف عوامی خدمت اپنا شعار بنائے اور عوام کو تقسیم نہ کریں۔ بعض منتخب نمائندوں کی جانب سے ایک دوسرے کے افتتاحی بورڈز کرانے کی مذمت کی اور کہا کہ سیاست میں تشدد اور بد معاشیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ سیاسی اتحاد کے پلیٹ فارم سے ضلع مہمند میں سیاسی ماحول بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پارٹی سیاسی رہنماؤں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے قبائلی اضلاع میں اصلاحات کو بھی برائے نام قرار دیئے اور کہا کہ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ مقامی پارٹی رہنماؤں نے ضلع مہمند کے مسائل بے روزگاری کا خاتمہ، مہمند ڈیم کی رائلٹی وی دیگر حقوق، منشیات فروشی پر پابندی، تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ اور علاقے کے زمینداروں کو کھاد کی ترسیل سے پابندی اُٹھانے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے باجوڑ میں پیپلز پارٹی کے نائب صدر میاں گل جان اور جے یو آئی تحصیل امیر سلطان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
