ضلع رحیم یارخان کو نیا پاکستان منزلیں آسان فیز ٹو کیلئے 72کروڑ ادا

ضلع رحیم یارخان کو نیا پاکستان منزلیں آسان فیز ٹو کیلئے 72کروڑ ادا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رحیم یارخان(نمائندہ پاکستان)حکومت پنجاب کے ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ پروگرام فیز ٹو پر شاہرات کی مرمت و از سر نوتعمیر، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اورپرائم منسٹر سسٹین ایبل گولز پروگرام کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواۃ چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ایم پی اے میاں محمد شفیع، ایم پی اے سردار عامر نواز خان سمیت صوبائی وزیر مخدوم ہاشم جواں بخت کے نمائندگان عاشق پیر زادہ(بقیہ نمبر9صفحہ12پر)

، باؤ منظور احمد اور تعمیراتی کاموں سے منسلک محکموں کے افسران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین پبلک ہیلتھ محمد عدنان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر جمل احمد جمیل نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں کا تعمیراتی کام طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد فراہم کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ فیز ٹو پروگرام پر عملدرآمد کے لئے جلد اقدامات مکمل کئے جائیں جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عوام کو مختلف شعبوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اس سلسلے میں متعلقہ محکمے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ جلد ان سکیموں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کسی بھی ترقیاتی سکیم میں تعمیراتی سست روی یا ناقص تعمیر پر متعلقہ محکموں کے افسران کو جواب دہ ہونا ہو گا۔انہوں نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف مکمل ہونے والے منصو بوں میں محکموں کی طرف سے کی جانے والی بچت کے اقدام کو سراہتے ہوئے افسران کی پیشہ ورانہ امور میں دلچسپی اور فرض شناسی کی تعریف کی اور کہا کہ مختلف منصوبوں میں ہونے والی بچت کو فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اپنے حلقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں کو ترجیح دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ روائتی ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ارکان پار لیمنٹ صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ویژن ہے کہ عوام کو معیاری اور پائیدار ترقیاتی منصوبے فراہم کئے جائیں جس کے لئے ترقیاتی کاموں کی کڑی مانیٹرنگ ضروری ہے اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں کرپشن کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں افسران ایسے کنٹریکٹرز کا محاسبہ کریں جو فلاح عامہ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹر ی چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے میاں محمد شفیع، ایم پی اے سردار عامر نواز خان نے تعمیراتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل میں خصو صی دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے حکومتی اہداف حاصل کئے جائیں گے۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے بتایا کہ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ فیز ٹو کے لئے ضلع رحیم یار خان کو72کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں جس کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی مرمت و ازسرنوتعمیر کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سڑک کا سائز 10فٹ سے بڑھا کر 12فٹ کر دیا ہے جبکہ 70فیصد بجٹ پرانی سڑکوں کی مرمت اور30فیصد نئے منصوبوں پر صرف کئے جائیں گے۔