مہنگائی کا سونامی لانے والی حکومت کو رخصت کرنا اب ضروری ہو گیا،اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمدا شرف بھٹی نے کہا ہے کہ ابھی تو اپوزیشن کا آزادی مارچ شروع ہی ہوا ہے اور ابھی سے سلیکٹڈ کردہ وزیر اعظم عمران خان نے یہ کہنا شروع کردیا ہے کہ مجھ سے کس بات کا استعفیٰ مانگا جارہا ہے یہ وہی آج کا وزیر اعظم عمران خان ہیں جو ماضی کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مذاق اڑایا کرتے تھے کہ مجھے کیوں نکالا کیوں کہا جارہا ہے ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اب وہ کیوں یہ بات کہہ رہے ہیں کہ مجھ سے کیوں استعفیٰ مانگا جارہا ہے۔
پیپلز پارٹی لاہور کے آزادی مارچ کے ٹھوکر پر لگائے گئے استقبالی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اشرف بھٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے بلاول بھٹو کے حکم پر آزادی مارچ کے استقبال کے لئے کیمپ لگایا ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مہنگائی کا سونامی لانے والی حکومت کو رخصت کرنا اب ضروری ہو گیا ہے ان سے نجات میں ہی قوم کی بہتری ہے اگر ان کو اقتدار سے الگ نہ کیا گیا تو پھر خدانخواستہ ملک کا بڑا نقصان ہونے کا ایندیشہ ہے۔
