ایف پی سی سی آئی معاشی استحکام کیلئے حکومت کو تجاویز دے رہا ہے‘ خالد تواب
کراچی/اسلام آباد (اے پی پی) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین برائے سدرن زون شیخ خالد تواب نے کہا ہے کہ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) ملکی معاشی استحکام کیلئے حکومت کو مثبت تجاویز فراہم کررہا ہے، وزیراعظم عمران خان ایف پی سی سی آئی کی قیادت کو تمام ملکی پالیسیوں کی تیاری میں آن بورڈ لیں اور تمام پالیسیز کی تیاری میں فیڈریشن کی قیادت سے مشاورت کی جائے تاکہ ملکی معاشی استحکام کیلئے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقیقنی بنایا جاسکے۔ وہ گزشتہ شب بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے ایف پی سی سی آئی انتخابات برائے2020ء کے لئے سینئرنائب صدر کے امیدوارمحمدحنیف گوہر، سینیٹر عبدالحسیب خان، یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز، شاہین الیاس سروانہ، زبیرباویجہ، شکیل ڈھینگڑا، مہتاب الدین چاؤلہ، انجینئر دارو خان اچکزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔ خالد تواب نے کہا کہ اپوزیشن کواس بارفیڈریشن الیکشن میں ایسی عبرتناک شکست ہوگی کہ آئندہ کئی سال تک ہمارے گروپ کے مقابلے میں آنے کی ہمت نہیں ہوگی۔
، اپوزیشن یہ نہ سمجھے کہ ایس ایم منیر ملک میں نہیں ہیں تو ہم ان کے لئے ترنوالہ ثابت ہونگے، یو بی جی کا ہر فرد ایس ایم منیر ہے اور ایس ایم منیر جلد ہی صحتیابی کے بعد ہمارے درمیان ہونگے۔
یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کے 27 دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں ملک بھر کی 95 فیصد بزنس کمیونٹی ہمارے ساتھ ہے اور یو بی جی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو بی جی قیادت نے تمام عمر جمہوری انداز میں سیاست کی ہے اور کبھی بیک ڈور اور ڈرائنگ رومز کی سیاست پر یقین نہیں رکھا اسی لئے بزنس کمیونٹی ان پر اعتمادکا اظہار کرتی ہے، ہمارے پاس بہترین امیدواروں کی قطار ہے جبکہ اپوزیشن امیدواروں کی تلاش میں دھکے کھا رہی ہے مگر کوئی ان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، فیڈریشن الیکشن میں انعقادسے پہلے ہی ہم نے اکثریت ثابت کردی ہے اور27 دسمبر کو صرف ہماری جیت کی مہرلگنا باقی ہے، اس لئے مخالفین اپنا بوریا بستر سمیٹ کر ابھی سے اپنے گھروں کو چلے جائیں۔ سینئرنائب صدر کے امیدوار حنیف گوہر نے کہا کہ یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے منتخب ہوکرفیڈریشن چیمبرکی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن راگ الاپ رہی ہے کہ یو بی جی 5 سال میں کوئی کام نہیں کرسکا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں ایف پی سی سی آئی کے فنڈ سے گھروں کے خرچے چلائے جاتے تھے، تجارتی نمائشوں میں شرکت کے نام پر مخصوس عناصر لاکھوں روپے لے کر اپنی جیبوں میں رکھ لیتے تھے اور ملازمین کا پرویڈنٹ فنڈ بھی ہڑپ کیا گیا جبکہ یو بی کی قیادت اور منتخب نمائندوں نے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی بلا امتیازخد مت کے ساتھ ساتھ فیڈریشن سے بدعنوانیوں کو ختم کیا، ناکام عناصر چاہے جتنا شور مچالیں خیبر سے کراچی تک یونائٹیڈ بزنس گروپ کو بھرپور اکثریت حاصل ہے اور اب مخالفین کو فرار کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔
