کراچی،آلودگی پھیلانے والے اینٹوں کے 8 کارخانے بند

کراچی،آلودگی پھیلانے والے اینٹوں کے 8 کارخانے بند

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون،ماحولیات،موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب اور سیکریٹری محکمہ ماحولیات،موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی خان محمد مہر کی ہدایات پر ادارہ تحفظ ماحولیات حکومت سندھ(سیپا) نے سندھ بھر میں آلودگی پھیلانے والی اینٹ ساز فیکٹریوں کے خلاف مہم شروع کردی ہے۔مذکورہ مہم کے تحت کئے گئے پہلے آپریشن میں عمرکوٹ اور اس کے گرد و نواح میں واقع آٹھ اینٹ ساز فیکٹریوں کو اپنا کام بند کرنے کا ماحولیاتی حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے جو سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول 2014کی دفعہ اکیس کی ذیلی دفعہ دو کے حصہ الف کے تحت جاری کیا گیا ہے۔حکم نامے میں مذکورہ فیکٹریوں سے کہا گیا ہے کہ زیر حوالہ ماحولیاتی قانون کی دفعہ چودہ کی خلاف ورزی پر انہیں اپنے امور فوری طور پر بند کرنے کے احکامات دئیے جارہے ہیں۔مذکورہ تمام فیکٹریاں اپنے پیداواری عمل میں ناقص ایندھن بشمول پلاسٹک کا کچرہ, ربر کی بوتلیں اور کپڑوں کی چندیاں استعمال کررہی تھیں جن سے ضرر رساں فضائی آلودگی کی بھاری مقدار پیدا ہورہی تھی۔آس پاس کے رہائشی پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کے باعث عمل تنفس سے متعلقہ مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے تھے۔جن فیکٹریوں کو اپنا کام بند کرنے کا ماحولیاتی حکم نامہ جاری کیا گیا ان میں مقدر شاہ،ماروی،فوجی،سپر،جئے لطیف،درسخان اور رانا راجپوت نام کی اینٹ ساز فیکٹریاں شامل ہیں۔مذکورہ حکمنامے کے اجرا سے پہلے سیپا میرپورخاص کے علاقائی دفتر کی ایک ٹیم نے زیر تذکرہ تمام فیکٹریوں کا دورہ کیا تھا اور ان کی ماحولیاتی خلاف ورزی کے مشاہدے کے بعد انہیں کام بند کرنے کے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا