سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ
سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ حکومت منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے متحرک ہو گئی، اس سلسلے میں بحالی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، بحالی سینٹر کے قیام کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا۔بحالی سینٹر کے قیام کے لیے ایک 6 رکنی کمیٹی بھی قائم کر لی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے، بحالی سینٹر سے متعلق کمیٹی کے سربراہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی ہوں گے،یہ کمیٹی بحالی سینٹرز کے قیام کی سفارشات تیار کرے گی اور 15 روز میں اپنی رپورٹ چیف سیکریٹری کو پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ سندھ میں منشیات کے استعمال خصوصاً تعلیمی اداروں میں استعمال بہت بڑھ گیا ہے، کچھ عرصہ قبل تعلیمی اداروں میں طلبہ کی سالانہ بلڈ اسکریننگ کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سپریم کورٹ میں ایک کیس بھی چل رہا ہے، گزشتہ ماہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت کی ایک رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی منشیات فروخت اور استعمال میں دنیا میں دسویں نمبر پر ہے، کیا آئی جی سندھ نے ان حقائق کو چیک کیا ہے۔؟سندھ کابینہ نے اس مسئلے پر ایک ہفتے قبل آئی جی سندھ کلیم امام کی بھی سرزنش کی تھی اور کہا گیا تھا کہ منشیات کے پھیلاؤ میں پولیس کی کالی بھیڑیں بھی شامل ہیں جن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں جاری ایک رپورٹ کےمطابق کراچی دنیا میں سب سے زیادہ چرس استعمال کرنے والے شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، کراچی میں سالانہ 42 ٹن چرس پی جاتی ہے، فہرست میں امریکی شہر نیویارک پہلے اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔