نیلم منیر کا ’جذبہ حب الوطنی‘ کے تحت کیا گیا آئٹم سانگ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا موقف بھی آگیا

نیلم منیر کا ’جذبہ حب الوطنی‘ کے تحت کیا گیا آئٹم سانگ، ڈی جی آئی ایس پی آر ...
نیلم منیر کا ’جذبہ حب الوطنی‘ کے تحت کیا گیا آئٹم سانگ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا موقف بھی آگیا

  



رالوپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکارہ نیلم منیر کی جانب سے ’ کاف کنگنا‘ فلم میں کیے گئے آئٹم سانگ کو جذبہ حب الوطنی کے تحت کیے جانے کے معاملے پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے اداکارہ نیلم منیر کی اس پوسٹ کا سکرین شارٹ شیئر کیا جس میں اداکارہ نے کہا تھا کہ انہوں نے آئی ایس پی آر کے پراجیکٹ کے باعث فلم میں آئٹم سانگ کیا ہے۔ ٹوئٹر صارف نے ایک اور تصویر بھی شیئر کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک گلوکارہ جی ایچ کیو میں میوزیکل کنسرٹ کر رہی ہے۔ ٹوئٹر صارف نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے کہا ’ سر اگر یہ سچ ہے تو دل خون کے آنسو روتا ہے یہ ستم ظریفی دیکھ کر ۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مذکورہ ٹوئٹر صارف کو مرحلہ وار جواب دیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے نیلم منیر کے آئٹم سانگ کے بارے میں کہا کہ فلم میں آئٹم سانگ اپنے کردار کے حساب سے ایک انڈین لڑکی نے کیا ہے، اس کا سیاق و سباق سمجھنے کیلئے آپ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ اداکارہ نیلم منیر فلم کاف کنگنا میں ایک انڈین لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے جی ایچ کیو میں میوزیکل کنسرٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ تقریب جی ایچ کیو میں نہیں ہوئی۔ ویسے بھی جی ایچ کیو اسلام آباد میں نہیں راولپنڈی میں ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا کہ جس کنسرٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے وہ ایونٹ نہ تو جی ایچ کیو میں منعقد ہوا اور نہ ہی آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ نیلم منیر نے فلم ’کاف کنگنا‘ میں کیے گئے آئٹم سانگ کی وضاحت دیتے ہوئے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے یہ اس لیے کیا ہے کیونکہ فلم آئی ایس پی آر کے پراجیکٹ کا حصہ تھی، شاید یہ ان کی زندگی کا پہلا اور آخری آئٹم سانگ تھا۔ ’ آپ سب لوگ جانتے ہیں کہ میں جو کرتی ہوں اس کو فخر کے ساتھ تسلیم کرتی ہوں، پاکستان کیلئے میری جان ہمیشہ حاضر ہے۔‘

مزید : تفریح /دفاع وطن


loading...