ملکی اداروں پر حملے، مخصوص ٹولہ ذاتی مفادات کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے: شبلی فراز

ملکی اداروں پر حملے، مخصوص ٹولہ ذاتی مفادات کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے: ...

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی نندن کے بیان پر قوم ایاز صادق اور پی ڈی ایم سے حساب لے گی،ہم چاہتے ہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر معافی مانگیں اس سے کم پر بات نہیں ہوگی۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اس ملک میں دہشت گردی کون کرواتا ہے اور کلبھوشن کہاں سے پکڑا جاتا ہے سب جانتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو، مریم نواز یا مولانا فضل الرحمن جیسی مرکزی قیادت نے ایاز صادق کے اس بیان کی مذمت نہیں کی۔ اس وقت ہمارے ملک کے خلاف مختلف سازشیں ہورہی ہیں اس دوران ایاز صادق نے سو فیصد دشمن کو خوش کرنے کیلئے بات کی۔ بھارت کے چینلوں پر شادیانے بجائے جارہے ہیں، ایک ذمہ دار شخص نے ایسی بات کی اور ثابت کیا کہ وہ اس منصب کے اہل نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کی گرفتاری سے بھارت کے دفاع کی قلعی کھل گئی تاہم ہم نے ذمہ دار ریاست کے طور پر وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ابھی نندن کو واپس کیا جائے۔ اس فیصلے سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور اس بہترین فیصلے کی پذیرائی عالمی سطح پر ہوئی جبکہ ہمارے دشمن بھارت کو ہزیمت اٹھانی پڑی اور اس شکست سے بچنے کے لیے بھارت نے کہا کہ ہمارے پاس رافیل طیارے ہوتے تو ایسا نہیں ہوتا۔ آج آئی ایس پی آر نے وضاحت بھی کردی اور کہا کہ بھارتی جنگی قیدی ابھی نندن کی رہائی ریاست کے ذمہ دارانہ قدم کے سوا کسی اور بات سے جوڑنا افسوس ناک اور گمراہ کن ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ذاتی مفاد کیلئے نظام کو درہم برہم کرنے کی کوشش اور اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں، اس کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ابھی نندن کے بیان پر قوم ایاز صادق سے حساب لے گی اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر معافی مانگے اور اسی طرح پی ڈی ایم کی قیادت بھی ندامت اور مذمت کرکے پاکستان کے عوام معافی مانگے کیونکہ ہم اس سے کم پر راضی نہیں ہوں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ کوئٹہ میں جو بیان دیا گیا اور لندن سے تقریر کی گئی وہ آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے، اگر پی ڈی ایم کی قیادت نے پارلیمنٹ میں معافی مانگی تو پھر ٹھیک ہے ورنہ قانون کو اپنا راستہ لینا چاہیے، کیونکہ انہوں نے خود کو ایکسپوز کر دیا ہے۔ یہ لوگ ذاتی مفادات کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک عدالتی مفرور ملکی اداروں پر گولا باری کررہا ہے اور قائد کے مزار کی بے حرمتی کی گئی۔ نوازشریف کو واپس لائیں گے ان سے پیسے نکالنے ہیں۔

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -