پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تو اہل گلگت بلتستان ہی پاکستان کیلئے فیصلے کرینگے: بلاول بھٹو

      پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تو اہل گلگت بلتستان ہی پاکستان کیلئے فیصلے ...

  

سکردو (این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر یہاں کے عوام کو حق حاکمیت و ملکیت دلائیں گے اور عوام کو عمران خان سے بچانا ہے، پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کیلئے فیصلے کرینگے۔گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران سکردو کے علاقے روندو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا روندو کے عوام اپنی طاقت کو جانو، آپ نے شہید ذوالفقار بھٹو کا ساتھ دیا تھا تو یہاں سے ایف سی آر اور راج گیری نظام کا خاتمہ کیا تھا۔ جب آپ نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا تو گلگت بلتستان میں جمہوریت آئی اور لیگل فریم ورک آرڈر پاس کیا اور یہاں انتخابات کروائے،آپ نے آصف زرداری کا ساتھ دیا تو گلگت بلتستان کو اسمبلی، وزیراعلی دلوایا، عوام کو روزگار ملا۔ پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا کیونکہ جو خواب ذوالفقار علی بھٹو نے دیکھا تھا اور یہاں کے عوام کیساتھ جو وعدے بینظیر بھٹو شہید نے کیے تھے انہیں پورا کرنا، گلگت بلتستان کی آواز کو اسلام آباد تک پہنچانا ہے، آج تک لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر یہاں کے فیصلے کر رہے ہیں، ہم عوام کا مستقبل بدل دیں گے، پی پی پی نے غریب اور مظلوم کا ساتھ دیا اور انقلابی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا تھا،گلگت بلتستان میں پی پی پی کی حکومت بنتی ہے تو ہم مزدور بینظیر غریب کارڈ دیں گے، جس طرح سندھ میں ہسپتال بنائے اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی مفت علاج کیلئے ہسپتال بنائیں گے۔ عمران خان نے دو سال میں ہمارے پاکستان کو جو حال بنایا ہے وہ سب کے سامنے ہے، مزدور، ڈاکٹر، نرسز، طلبہ یہاں تک کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی احتجاج کررہے ہیں، امید ہے اہل گلگت بلتستان15 نومبر 2020 کو الیکشن کے دن پی پی پی کا ساتھ دیں گے۔ میں آپ کے جذبے اور محبت کو کبھی نہیں بھول سکتا، یہ صرف اقتدار اور حکومت بنانے کی لڑائی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا سوال ہے، کسی لوٹا اور آزاد کے ساتھ نہیں دینا بلکہ پی پی پی کا ساتھ دیں اور ہم آپ کو حق حاکمیت اور حق حکمرانی دلا کر رہیں گے۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -