عید میلادالنبیؐ سے امن، بھائی چارے  کا درس ملتا ہے،صدر، وزیراعظم 

 عید میلادالنبیؐ سے امن، بھائی چارے  کا درس ملتا ہے،صدر، وزیراعظم 

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت عارف علوی اور وزیر عظم نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی ؐکے مبارک دن کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،آپ ؐ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا اور دنیا کی عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آبیاری ہوئی۔ اللہ نے آپ ؐ کو قیامت تک کیلئے تمام انسانوں کیلئے رسول بنا کر بھیجا اور پوری انسانیت کی فلاح یقیناً آپؐ کی سنت ِ طیبہ کی پیروی میں ہے۔حضورؐ کی سیرتِ طیبہ ہم سب کیلئے بہترین نمونہ ہے اور اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک ؐ کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ ؐ کی حیاتِ طیبہ سے ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے۔آپؐ نے جنگ میں بھی حدودقیود کی پابندی کی، غلاموں، عورتوں اور بے سہارا لوگوں کو ریاستی سطح پر حقوق دیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد ڈالی۔ پیغمبرِاسلام ؐ کے اسوہ حسنہ کی اسی اہمیت کے پیش نظر آپ ؐ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کے لئے ہم سب کو بھر پور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ہماری زندگی میں بھی انہی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغرب میں حضورؐ کی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت واقعات ہوئے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں اور بین المذاہب امن اور مکالمے کی روح کے خلاف ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد ؐ کی زندگی تمام کائنات کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ خاتم النبیین حضرت محمد ؐ کی آمد تمام انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر انسانیت کے اعلیٰ درجات پر فائز کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمدؐ پر ہماری جان و مال سب قربان ہیں اور ان کی حرمت اور ناموس پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔

صدر، وزیراعظم 

مزید :

صفحہ اول -