کورونا سے مزید 16افرا د جاں بحق، 908نئے کیسز رپورٹ، پنجاب کے 3اضلاع میں کاروباری  اوقات میں کمی 

      کورونا سے مزید 16افرا د جاں بحق، 908نئے کیسز رپورٹ، پنجاب کے 3اضلاع میں ...

  

 کراچی،لاہور،اسلام آباد(سٹا ف رپورٹر، جنرل رپورٹر،آئی این پی) پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 16افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 11ہزار695ہوگئی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جاری کردی اپ ڈیٹ رپورٹ  کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 908 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہو گئی ہے۔ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 16افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 775 ہو گئی ہے، جب کہ 581 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔این سی او سی رپورٹ کے مطابق  اس وقت پاکستان میں کرونا کے 11 ہزار 695 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 824 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناسے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 638 ہوگئی۔کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 449 ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 43 لاکھ 76 ہزار 604 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب کے 3 اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں جزوی طورجلد بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے کاروباری سرگرمیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تمام کاروباری سرگرمیاں رات 10 بجے تک بند کر دی جائیں گی تاہم میڈیکل اسٹورز، ٹائروں اور پھلوں کی دکانیں، تندور اور آٹا چکیاں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوریئر سروس، ہوٹل اور پیٹرول پمپس بھی 24 گھنٹے کھلے رہ سکیں گے اور اجازت کے حامل کاروبار والے 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔نوٹیفکیشن میں پارکس صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، فیصلے کا اطلاق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہو گا۔وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ 70 روز بعد کورونا مثبت آنے کی شرح میں تین فیصد اضافہ ہوا، وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسد عمر نے کہا 70روز بعد کورونا مثبت آنے کی سطح گزشتہ روز 3 فیصد سے زیادہ رہی، این سی اوسی نے سماجی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں، وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

کورونا

مزید :

صفحہ اول -