ایڈیشنل آئی جی کا تھانوں،مختلف ناکوں کا اچانک دورہ
ملتان(وقائع نگار) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے گزشتہ روز اچانک ملتان،مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان کی حدود میں قائم ناکوں اور تھانوں کا دورہ کیا اور اہلکاروں کی حاضری سمیت ریکارڈ کی بھی انسپکشن کی۔اس موقع پر(بقیہ نمبر23صفحہ10پر)
شیر شاہ ٹول پلازہ پر قائم ناکے پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کیپٹن ر ظفر اقبال نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی موثر سکریننگ نہ ہونے پر شدید اظہار برہمی کیا اور سخت وارننگ دی۔انہوں نے ایس پی کینٹ کو موقع پر طلب کرکے فوری انتظامات بہتر کرنے اور ناکہ کو موثر بنانے کا حکم بھی دیا۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کیپٹن ر ظفر اقبال نے مظفرگڑھ کی حدود میں قائم ناکہ کا بھی اچانک دورہ کیا اور صفائی کی ابتر صورتحال سمیت ناکے کے موثر انتظامات نہ ہونے پر عملے کی شدید سرزنش کی۔اس موقع پر انہوں نے ڈی پی او مظفرگڑھ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیکورٹی کے حوالے سے ناکے پر سکریننگ کا کارآمد نظام وضح کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے غازی گھاٹ ناکہ اور مظفر گڑھ پولیس کے سٹیشن کرم داد قریشی کا بھی اچانک دورہ کیا اور حوالات سمیت ریکارڈ کا معائنہ کیا۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے پولیس سٹیشن میں آنیوالے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔ ایڈینشل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے سینکڑوں پولیس جوانوں نے اپنے سینے پر گولیاں کھاکر جام شہادت نوش کیا اس مقدس پولیس وردی کی لاج نہ رکھ کر فرائص سے غفلت اور مظلوم سے ناانصافی کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔پولیس کا ہر سپاہی اور کمانڈر محکمے کا سفیر بن کر ظالم کیلئے خوف کی علامت بنے تاکہ عوام کا فورس ہر اعتماد بحال ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے ناکوں پر سخت چیکنگ کا نظام نافذ کرنا ناگزیر ہے ناکہ بندی موثر بنانے کیلئے تمام اضلاع کی پولیس آپس میں موثر رابطے رکھے اور ناکے پر تعینات فیلڈ اہکاروں کی مکمل ذہنی و جسمانی تربیت کی جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تھانوں کو عمارت اور کارکردگی کے اعتبار سے شہریوں کیلئے رول ماڈل بنانا مشن ہے روایتی طریقہ تفتیش کے بجائے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے عوام کو انصاف کی فوری فراہمی ممکن بنائی جائے۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے اچانک دورے کرکے تھانوں اور ناکوں پر عوام سے رویے کا جائزہ لونگا۔ضلعی پولیس سربراہان سمیت تمام فیلڈ کمانڈرز دفاتر سے نکلیں اور تھانوں کی حالت زار بہتر کریں۔قبل ازیں پولیس افسران کو وارننگ دیتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا کہ وردی کو طاقت کی علامت سمجھ کر ظلم کا ساتھ دینے والے احتساب کیلئے تیار رہیں۔ جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کا خود دورہ کرکے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لونگا۔دریں اثناء ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے ڈیرہ غازی خان پہنچ کر کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا اور موقع پر شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔
دورہ