سا بلانکا اور کراچی کو سسٹر سٹی قرار دیا جائے گا،افتخار شالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ مراکش کے شہر کاسا بلانکا اور کراچی کو سسٹر سٹی قرار دیا جائے گا تاکہ دونوں شہر ایک دوسرے مزید قریب آسکیں‘باغ ابن قاسم کا ایک حصہ مراکش کی تہذیب و ثقافت کی ترویج کے لئے مختص کریں گے جس کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش قونصل جنرل مراکش کے ذمہ ہوگی،یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دورے پر آنے والے مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور مراکش کے قونصل جنرل نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو مراکش کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی،انہوں نے کہا کہ مراکش کے رباط کی لوکل گورنمنٹ نے رباط کی ایک شاہراہ کا نام پاکستان ایونیو رکھا ہے جو پاکستانیوں سے مراکش کی حکومت اور عوام کی محبت کا ثبوت ہے، مراکش اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات قائم ہیں اور مراکش پاکستان سے کھیلوں کا سامان اور سرجیکل آئٹمز بڑی تعداد میں درآمد کرتا ہے۔ قونصل جنرل مراکش اشتیاق بیگ نے مزید کہا کہ مراکش کے شہری پاکستانیوں کو اپنا سچا دوست اور بھائی تصور کرتے ہیں۔مراکش تاریخی اہمیت کا حامل ملک ہے اور یہ ملک اپنی خوبصورتی اور دلکشی کے اعتبار سے انتہائی مقبولیت رکھتا ہے،سیاحت کے اعتبار سے مراکش دنیا کے 10صف اوّل ممالک میں شمار ہوتا ہے،مشہور سپہ سالار طارق بن زیاد اور معروف سیاح ابن بطوطہ کا تعلق مراکش سے تھا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے مراکش کے دورے کی دعوت دینے پر مرزا اشتیاق بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی شہری بھی مراکش کے لوگوں کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور باہمی تعلقات میں مزید وسعت چاہتے ہیں۔