جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن 

    جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن 

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)12سال بعد جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات روشن ہوگئے ہیں اور دورے کی کلیئرنس کیلئے افریقی بورڈ کا سیکیورٹی وفد پیر کو اسلام آباد پہنچے گا۔جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کرکٹ ساتھ افریقا (سی ایس اے)کا 4 رکنی وفد پیر کی صبح اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقا کے 4 رکنی وفد کی قیادت کرکٹ آپریشن مینجر مائیک گجر کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں جنوبی افریقی پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے اسٹیفین کریگ کوک، سیکیورٹی کنسلٹنٹ روری اسٹین اور ٹیم سیکیورٹی منیجر محمد زنید وادی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مہمان وفد اسلام آباد میں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کے علاوہ راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی اور بائیو سیکیور انتظامات کا جائزہ لے گا۔راولپنڈی میں قیام کے دوران افریقی بورڈ کے نمائندے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ بھی دیکھیں گے۔پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان مہمان وفد کو پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کو پلان کے مطابق جنوری کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، ذرائع نے بتایا کہ مہمان ٹیم کے دورے کا آغاز 26 جنوری سے کراچی ٹیسٹ کے ساتھ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے 08-2007 میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم اس کے بعد پاکستان کی ہوم سیریز دبئی میں کھیلی گئی ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -