بلدیاتی ملازمین کا غیر قانونی تبادلوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ 

بلدیاتی ملازمین کا غیر قانونی تبادلوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)بلدیاتی ملازمین نے  غیر قانونی تبادلوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن (رجسٹرڈ) کے مرکزی و صوبائی صدر اور یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین سٹی ڈسٹرکٹ اینڈ آل ٹاؤنز پشاور کے چیئرمین ملک محمد نوید اعوان اور دیگر نے کی  جبکہ احتجاج میں چاروں ٹاون کے ملازمین نے کثیر تعددا میں شرکت کی۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کے ایماء پر آر ایم او پشاور ریجن نے انتہائی عجلت میں قانون اور انصاف کو بالائے طاق رکھ کر غیر قانونی طور پر ملازمین کے تبادلے کئے جس میں نہ تو ملازمین کی پنشن‘ کمیوٹین اور نہ ہی سنیارٹی و پروموشن کی وضاحت کی گئی ہے بلکہ انہوں نے ملازمین کا مسقبل تاریک کردیا ہے جس پر میونسپل ملازمین سراپا احتجاج ہیں اور اپنے مستقبل سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ یونین کی قیادت اپنے ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیارہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی ملازمین  کے غیر قانونی تبادلوں کو منسوخ کیا جائے بصورت دیگر دما دم مست قلندر ہوگا۔ واضح رہے کہ بلددیاتی ملازمین پچھلے تین روز سے دفاتر میں علامتی ہڑتال دیئے ہوئے تھے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -