عالمی قوتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی قتل و غارت کا سلسلہ بند کروائے: راحیل شریف، سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام انسانی حقوق کی صورتحال پر سیمنار
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام سیمینار منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی اور سعودی اسکالرز نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور علاقائی امن کے حوالے سے اظہار خیال کیا.
سیمینار میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، پاکستان میں سابق سعودی سفیر ڈاکٹر علی العسیری، سعودی بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ محمد حسن کاملی بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے. سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور خطے کے امن کے موضوع پر منعقد ہونے والے سیمینار میں سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز سمیت دیگر سفارتی افسران کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے افراد نے شرکت کی, سیمینار میں نظامت کے فرائض سفارتخانہ پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سیف اللہ خان نے بخوبی سرانجام دئیے.
سیمینار میں سعودی بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ محمد حسن کاملی، ڈاکٹر علی عسیری اور دیگر نے مسئلہ کشمیر پر شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سب سے اہم حل طلب مسئلہ ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ خطے کے امن کو یقینی بنانے کے لئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے کوششوں میں تیزی لائی جائے کیونکہ کشمیر ایشو کو لیکر پاک بھارت متعدد بار جنگ کے دہانے پر کھڑے ہوچکے ہیں اور اب بھی حالات تسلی بخش نہیں ہیں کشمیری عوام کو آزادی کا بنیادی حق حاصل ہے جس کے لئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے علاوہ عالمی برادری کو بھی چاہئیے کہ وہ مسلہ کشمیر کو حل کروانے میں کردار ادا کرے تاکہ انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ رک سکے اور امن قائم ہو.
اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کہا کہ مودی رجیم کشمیریوں پر ظلم وستم کرکے ان کے بنیادی حقوق پامال کر رہا ہے کشمیری 73 سالوں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں مگر بھارت کی تحریک آزادی کا سیاسی جواب دینے کی بجائے زور زبردستی اور طاقت کے بل بوتے پر دبا رہا ہے جس میں اسے ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے عالمی قوتوں کو چاہئیے کہ وہ فوری مقبوضہ کشمیر کی جانب توجہ دے اور بھارتی فوج کی جانب سے قتل و غارت کا سلسلہ بند کروائے.
پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے مگر بھارت نے گزشتہ سال پانچ اگست کو اسکی آئینی حیثیت کو ختم کرکے اسے اپنا حصہ بنانے کی ناکام کوشش کی ہے اور کشمیریوں کو کرفیو اور لاک ڈاون لگا کر یرغمال بنایا ہوا ہے اور روزانہ نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے جو موجودہ دور میں ایک انسانی المیہ ہے پاکستان کشمیری قوم کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت کو جاری رکھے گا.