قومی ٹیم نے زمبابوے کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیا؟ جان کر ہر پاکستانی حیران پریشان رہ جائے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور صرف 282 رنز کا ہدف دیا ہے، حارث سہیل 71 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رے جبکہ امام الحق نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر امام الحق اور عابد علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے تاہم اس موقع پر عابد علی کارل مومبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، وہ 30 گیندوں 5 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 89 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب کپتان بابراعظم 19 رنز بنا کر موزارابانی کی گیند پر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
119 کے مجموعی سکور پر میدان میں مضحکہ خیز واقع بھی پیش آیا اور امام الحق اور حارث سہیل رن لینے کی کوشش میں ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے، لیکن پھر کیمرہ ری پلے میں امام الحق کو آﺅٹ قرار دیدیا گیا، انہوں نے 75 گیندوں پر 58 رنز بنائے، قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 161 کے مجموعی سکور پراٹھانا پڑا اور محمد رضوان بھی 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔
حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 71رنز بنائے اور سکندر رضا کی گیند پر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ افتخار احمد 12 ، فہیم اشرف 23، وہاب ریاض 8، عماد وسیم 34 اور شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
زمبابوے کی جانب سے تمام باﺅلرز نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم ٹینڈائی چیسورو اور بلیسنگ موزارابانی 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کارل مومبا اور ٹینڈائی چیسورو نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، امام الحق، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رﺅف شامل ہیں۔
زمبابوے ٹیم کی قیادت چھامونوروا چھیبابا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریال برل، سکندر رضا بٹ، برائن چھارل، ٹینڈائی چھیسورو، کریگ اروین، ویزلی مادھیویر، ویلنگٹن مساکازا، کارل مومبا، ریچمونڈ موتمبانی، بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ اینگراوا شامل ہیں۔