” ایاز صادق کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل گئی ، اب۔۔“ حکومت نے واضح اعلان کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ن لیگ کے رہنما ایاز صادق کے قومی اسمبلی میں دیئے گئے بیان پر ہنگامہ سا برپا ہے اور اب حکومت کا ردعمل بھی سامنے آ گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ” ایاز صادق کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے۔اب قانون اپنا راستہ لے گا۔ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے جس کی سزاایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے۔“
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کی جانب سے بھی اس بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار کی جانب سے مختصر پریس کانفرنس کے دوران رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا جس میں ان کا کہناتھا کہ ایک ایسا بیان دیا گیا جس میں قومی سلامتی سے منسلک معاملات کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ، بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی افسوسناک اور گمراہ کن ہے ،حکومت پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کو موقع دیتے ہوئے بھارتی کمانڈرکو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ، اس کو پوری دنیا نے سراہا۔ فوج پر تنقید کے حوالے سے رینکس اینڈ فائل میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، محمد زبیر کی بات پر اتنا ہی کہوں گا کہ آدھا سچ اور آدھا جھوٹ نہیں بولا جاسکتا۔