اسلام آبادمیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ، پولیس چوکی نذر آتش،مظاہرین فرانسیسی سفارتخانے کی جانب رواں دواں،ریڈزون میدان جنگ بن گیا

اسلام آبادمیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ، پولیس چوکی نذر آتش،مظاہرین ...
اسلام آبادمیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ، پولیس چوکی نذر آتش،مظاہرین فرانسیسی سفارتخانے کی جانب رواں دواں،ریڈزون میدان جنگ بن گیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاجر برادری اور مذہبی جماعتوں  کی جانب سے فرانس کے صدر اور  گستاخانہ خاکوں کو خلاف ہونے والا احتجاج پرتشدد مظاہرے میں تبدیل ہو گیا،مظاہرین کی جانب سے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے کی کوشش پر پولیس کے ساتھ  شدیدجھڑپیں,پولیس کی جانب سےآنسو گیس کی شیلنگ جبکہ مشتعل مظاہرین نےریڈزون میں پولیس چوکی کو نذر آتش کرتے ہوئے فرانسیسی سفارت خانے کی جانب پیش قدمی شروع کردی،مظاہرین کی فرانسیسی صدر کے خلاف شدید نعرے بازی،انتظامیہ نے رینجرز اور پولیس کی مزید  نفری طلب کرتے ہوئے ریڈ زون کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا،اسلام آباد میں صورت حال کشیدہ ۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں تاجر برادری اور مذہبی جماعتوں نے گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کی حمایت پر آب پارہ چوک سے مظاہرے کا آغاز کیا ،اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں ریڈ زون اور فرانسیسی سفارت خانے  کی جانب جانے سے منع کیا تاہم مذاکرات ناکام ہونے پر ہزاروں مظاہرین فرانسیسی سفارت خانے کی جانب روانہ ہو گئے ،اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔مشتعل مظاہرین نے راستے میں کھڑی کی گئی تمام پابندیاں اور رکاوٹیں توڑ کر فرانسیسی سفارتخانے کی جانب پیش قدمی جاری رکھی جس پر سرینا چوک پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں،مشتعل مظاہرین نے راستے میں کھڑے کینٹینر ہٹانے شروع کئے تو پولیس نے مظاہرین پرآنسو گیس کی شدید شیلنگ شروع کردی جس پرمظاہرین مزید مشتعل ہو گئے اور اُنہوں نے سرینا چوک میں پولیس چوکی کو نذر آتش کردیا جبکہ کینٹینروں کے شیشے بھی توڑ ڈالے

۔اسلام آباد کا ریڈ زون  مشتعل مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم کے بعد میدان جنگ کی شکل اختیار کر گیا ہے،پولیس کی جانب سے وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے اور صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے،پولیس کی شیلنگ سے تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ مظاہرین بھی پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کر رہے ہیں ۔انتظامیہ نے رینجرز اور پولیس کی مزید  نفری طلب کرتے ہوئے  فرانسیسی سفارتخانے کو جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے گئے ہیں جبکہ رینجرز کے مزید ایک ہزار اہلکار بھی طلب کر لئے ہیں۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -