پاکستان مسلم لیگ ن شارجہ کے زیر اہتمام مریم نواز شریف کی سالگرہ کا اہتمام

پاکستان مسلم لیگ ن شارجہ کے زیر اہتمام مریم نواز شریف کی سالگرہ کا اہتمام
پاکستان مسلم لیگ ن شارجہ کے زیر اہتمام مریم نواز شریف کی سالگرہ کا اہتمام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) وائس پریذیڈنٹ پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز کی 48ویں سالگرہ دبئی کے گہرے سمندر کے نیلگوں پانیوں میں منائی گئی۔ سالگرہ کا اہتمام مسلم لیگ ن شارجہ نے کیا۔ سالگرہ کا خصوصی اہتمام کروز شپ میں کیا گیا تھا جس میں پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد غوث قادری و دیگر عہدیداران خواجہ عبدالوحید پال، چودھری بشیر احمد شاہد، چودھری خالد بشیر، ڈاکٹر محمد یونس، عدنان حسن طور، ملک بوبی، عرفان اقبال طور، جمیل اسحق، حاجی محمد یٰسین، شہزاد ملک، سلمان خان اور چودھری راشد فاروق شامل تھے۔ اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے کاز کو پروموٹ کرنے والے تین ٹک ٹاکرز عبدالرحمن بٹ، عابد عزیز اور سعودی بٹ نے بھی شرکت کی۔
سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور مادر ملت محترمہ کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز شریف ”دختر ملت“ کی سالگرہ کے موقع پر متعدد لیگی کارکنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مرنا جینا مسلم لیگ ن اور اپنے قائد نواز شریف کے ساتھ ہے۔ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ہمارے مقصد سے نہیں ہٹا سکتی۔ ہمارا وژن ہمارے قائد نواز شریف اور مریم نواز کے وژ ن کے ساتھ ہے۔ حکومتی سازشیں، ظلم اور ناجائز مقدمات لیگی لیڈروں اور کارکنان کو ڈرا نہیں سکتے بلکہ حکومت جتنے ظلم کرے گی پی ایم ایل این اتنی ہی ابھر کر سامنے آئے گی۔ مسلم لیگ ن کا ہر ورکر پکے اور پختہ نظریہ کے ساتھ اپنے قائدین کے ساتھ جڑا ہوا ہے جسے ہرگز الگ نہیں کیا جاسکتا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے مخالفین کو دبانے کے لیے ہر ناجائز حربہ آزمارہی ہے لیکن اسے کامیابی نہیں ملے گی بلکہ حکومتی ظلم و تشدد سے ہمارے ارادوں میں مزید قوت آئے گی اور ہم مزید طاقت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

مقررین نے کہا کہ آنے والا وقت انشاءاللہ پھر مسلم لیگ ن کا ہے۔ اگر منصفانہ انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی۔ مریم نواز کی سالگرہ کے موقع پر بڑے سائز کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ایک دورے کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ مریم نواز کو بھی سالگرہ کا تہنیتی پیغام پہنچایا گیا۔ سالگرہ کی اس تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض حافظ زاہد علی اور عرفان اقبال طور نے بطریق احسن انجام دئیے جبکہ متذکرہ تینوں ٹک ٹاکرز نے بھی اپ نے اپنے انداز میں مسلم لیگ ن اور اپنے قائدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محمد نواز شریف کی صحت یابی اور مریم نواز کی طویل العمری کے لیے دعا بھی کی گئی۔