5 ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی کو بازیاب کرالیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے 5 ماہ قبل مبینہ طور پر رکشہ ڈرائیور کے ہاتھوں اغوا ہونے والی لڑکی کو بازیاب کرالیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ اقبال ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی ماہم کو بازیاب کرلیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کو رکشہ ڈرائیور تنویر احمد مبینہ طور پر اغوا کرکے اپنے گاؤں لے گیا اور اس کے ساتھ زبردستی نکاح کرلیا تھا۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے مقامات بدلتا رہا تاہم وہ رواں ماہ ماہم کو لے کر اپنے گاؤں پہنچا جہاں پولیس نے لڑکی کو بازیاب کرالیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرانے کے بعد والدین کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ پولیس نے مبینہ اغوا کار کی گرفتاری کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔