ایاز صادق کی جگہ میں ہوتا تو ایسا بیان نہ دیتا:لیگی رہنما مصدق ملک
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ اگر میں ایازصادق کی جگہ ہوتا تو احتیاط سے کام لیتا، ایسا بیان نہ دیتا، فوادچوہدری کا بیان بھی بھارتی میڈیا کا ذکر بنا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ ایاز صادق کا بیان قومی سلامتی کا معاملہ ہے، تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی جانی چاہیے۔
نجی ٹی وی سماءنیوز کے پروگر ا م میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملات پر احتیاط کرنی چاہیے لیکن ایاز صادق نے وضاحت دے دی ہے۔ ایاز صادق نے کسی پر غداری کا الزام نہیں لگایا۔ فواد چوہدری نے واضح کہا کہ ہم نے پلوامہ حملہ کروایا، جو بھارتی میڈیا کی خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔ ایاز صادق میرے خیال میں کنفیوژن میں بیان دے دیا ہے۔
دوسری جانب اسی پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ فوادچوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ پلوامہ کے بعد ہم نے بھارت کو گھس کر مارا ،بھارتی میڈیا نے ان کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق نے اپنے لیڈر نوازشریف کی بولی بول رہے ہیں۔ان کا بیان قومی سلامتی کے خلاف ہے ،پارلیمنٹ میں کمیٹی بننی چاہیے جو تحقیقات کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔