ورلڈ کپ سے پہلے کوچز سے کیا درخواست کی تھی ؟ آصف علی نے اپنی شاندار بلے بازی کا راز بتا دیا

ورلڈ کپ سے پہلے کوچز سے کیا درخواست کی تھی ؟ آصف علی نے اپنی شاندار بلے بازی ...
ورلڈ کپ سے پہلے کوچز سے کیا درخواست کی تھی ؟ آصف علی نے اپنی شاندار بلے بازی کا راز بتا دیا
سورس: Screen Grab

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری فتح دلوانے والے آصف علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ورلڈ کپ سے پہلے کوچز سے درخواست کی تھی کہ ان کی آخری پانچ چھ  اوورز والی ٹریننگ  کرائی جائی۔

پوسٹ میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ ان کی پچھلی سیریز اچھی نہیں گئی جس کے بعد بہت زیادہ محنت کی جس کا نتیجہ سامنے ہے، امید ہے کہ ورلڈ کپ جیتیں گے۔ کوچز سے کہا کہ آخری پانچ سے چھ اوورز والی پریکٹس کرائیں ، ٹیم انتظامیہ نے بہت تعاون کیا جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

خود پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر آصف علی نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا زیادہ نہیں دیکھتے اس لیے انہیں نہیں پتہ کہ کون کیا تنقید کر رہا ہے، پاکستان کو ضرورت تھی تو انہوں نے ٹیم میں نام شامل کیا، اگر پرفارم کر رہا تھا تو ہی ٹیم میں آیا۔

 بلے باز کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر تنقید کرتے ہیں ، حالانکہ وہ یہ نہیں دیکھتے کہ چھٹے ساتویں نمبر پر آنے والے بلے باز نے 10 اننگز میں کھیلی ہی صرف دو گیندیں ہیں تو وہ پرفارمنس کہاں سے دکھائے گا، انہیں تنقید کرنے سے پہلے اس بات کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔

بابر اعظم کی سست رفتار بیٹنگ کے حوالے سے آصف علی نے کہا کہ پچ سلو تھی ، ضروری تھا کہ میچ کو لمبا لے کر چلیں، یہی ہمارا پلان تھا اور اسی کے مطابق چلے ہیں، بابر اعظم اگر اس طرح رنز نہ بناتے تو شاید میچ نہ جیت پاتے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ آصف علی نے چار چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور ناقابلِ شکست رہا ہے۔ اس سے قبل گرین شرٹس انڈیا اور نیوزی لینڈ کو بھی دھول چٹا چکے ہیں۔

مزید :

T20 World cup -T20 World cup News Updates -