کورونا ویکسین لگانا عوام کے اپنے مفاد میں ہے،راجہ راشد حفیظ

کورونا ویکسین لگانا عوام کے اپنے مفاد میں ہے،راجہ راشد حفیظ

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے ویکسین لگوانا عوام الناس کے اپنے مفاد میں ہے جس پر حکومت نے اربوں روپے خرچ کرکے لوگوں کو یہ سہولت بہم پہنچائی ہے. جن لوگوں نے ابھی تک یہ ویکسین نہیں لگوائی وہ اب مزید دیر نہ کریں اور ویکسین لگوا کر اپنے آپ کو کورونا سے محفوظ کریں،کورونا کے علاوہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریضوں کے علاج معالجے کی وافر سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے یہ بات گذشتہ روز کورونا وائرس ویکسینیشن مراکز اور ہسپتالوں کے دورے کے دوران عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے اور ہسپتالوں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمے جو کام ہے وہ کماحقہ پورا کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحت مندانہ ماحول پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں متعلقہ محکموں کا ساتھ دیں۔

 . انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صفائی کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکومتی اداروں کی ٹیمیں ہر جگہ جا کر سپرے کر رہی ہیں. راجہ راشد حفیظ نے یونین کونسل 19 اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور ویکسینیشن مرکز میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا. انہو ں نے ریکارڈ رجسٹر چیک کئے اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے عوام الناس کو مستفید کرنے کیلئے پوری ایمانداری، محنت اور تندہی سے کام کریں. اس موقع پر راجہ راشد حفیظ نے مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام پورے معیار کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے.

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -