نمل میں شجر کاری منصوبہ 2023سے قبل مکمل کیا جائے،سبطین خان

نمل میں شجر کاری منصوبہ 2023سے قبل مکمل کیا جائے،سبطین خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر جنگلات سبطین خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری جنگلات، کمشنر سرگودھا، ڈی سی میانوالی اور چیف کنزرویٹر (نارتھ) نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر جنگلات کو نمل پراجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نمل لیک، نمل انفارمیشن سنٹر کے قیام اور شجرکاری کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر جنگلات نے نمل میں دسمبر تک 350 ایکڑ اور فروری تک 300 ایکڑ شجرکاری کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے کو مارچ 2023 سے قبل مکمل کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نمل منصوبے کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس لئے اسے ماڈل پراجیکٹ کے طور پر تیار کیا جائے۔ سبطین خان نے بتایا کہ نمل میں وڈ لینڈ کے علاوہ میاواکی جنگل بھی آباد کیا جائے گا جو 15 ایکڑ  پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نمل میں مجموعی طور پر 3000 کنال رقبے پر شجرکاری کی جائے گی جبکہ دسمبر میں شجرکاری کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔صوبائی وزیرنے کمشنر سرگودھا، ڈی سی میانوالی اور چیف کنزرویٹر کو نمل منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس منصوبے کو موسم بہار کی شجرکاری مہم میں ماڈل منصوبے کے طور پر چلایا جائے اور اس کی روزانہ بنیاد وں پر مانیٹرنگ کی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -