این اے 133ضمنی الیکشن،پی ٹی آئی عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض
لاہور(لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف وسطی پنجاب یوتھ ونگ نے شمالی اور جنوبی لاہورکے عہدیداروں کواین اے 133میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے ذمہ داریاں سونپ دیں۔حلقہ این اے 133میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں وسطی پنجاب یوتھ ونگ کا اجلاس مرکزی فوکل پرسن انصاف یوتھ ونگ خواجہ شمس الحسن،صدر وسطی پنجاب گلریز اقبال اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات اظہر مشوانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وسطی پنجاب،شمالی اورجنوبی لاہور کی گورننگ باڈیز کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب کی تیاریوں،انتخابی مہم،ووٹرزخصوصا نوجوانوں کومتحرک کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ خواجہ شمس الحسن اوراظہرمشوانی نے شمالی اورجنوبی لاہور یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے ہم نے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرناہے۔
عام انتخابات میں نوجوان ووٹرز نے تحریک انصاف کی کامیابی میں کلیدی کردار اداکیا تھا اور انشا اللہ حلقہ این اے133میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھی تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے یہی نوجوان اپنا بھرپور کردار نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان وزیراعظم خان کے وڑن اور مشکلات کے باوجود حاصل کی کامیابیوں کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں۔