علماء کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنا مثبت کرداراداکریں: عارف علوی 

علماء کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنا مثبت کرداراداکریں: عارف علوی 

  

 اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علماء نے ہر مشکل وقت میں ریاست کا ساتھ دیا، موجودہ حکومت نے اسلامو فوبیا  کے تدارک اور حرمت ِ رسول ؐ کے تحفظ کیلئے عالمی فورمز پرآواز اٹھائی،اسلام امن کا دین، امن، محبت، بھائی چارے، صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے اسلام نے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی تلقین کی، تشدد، بد امنی کے خلاف ہے،علمائے کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ صدر مملکت سے اہل سنت و الجماعت کے علماء و مشائخ اور اکابرین کے وفد نے ملاقات کی ہے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور، پیر نور الحق قادری کی قیادت میں وفد نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں موجودہ صورتحال کے پر امن حل اور تصفیے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے جاری ا علامیہ کے مطابق اجلاًس میں کہا گیا ہے کہ معاملے کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کی راہ اپنائی جائے۔ تشدد سے عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچ رہا ہے، ملک اور دین ِ اسلام کا امیج بھی متاثر ہو گا۔علماء نے موجودہ صورتحال کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے اپنے تعاون اور خدمات کی پیشکش کی۔صدر مملکت کا کہناتھا کہ علماء و مشائخ نے پاکستان کے قیام، لوگوں کی رہنمائی اور دینی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔علماء نے ہر مشکل وقت میں ریاست کا ساتھ دیا۔علمائے کرام نے مختلف مسائل پر علماء و مشائخ کو اعتماد میں لینے پر صدر مملکت کے کردار کو سراہا۔

عارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -