سونا، ڈالر سستا، سٹاک ایکسچینج میں بہتری، سرمایہ کاروں کو 22ارب روپے کا منافع
کراچی(اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 46ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 22ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،کاروباری تیزی کے باعث 55.40فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 238.62پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈکیاگیا جسکے نتیجے میں انڈیکس 45985.41پوائنٹس سے بڑھ کر46184.71پوائنٹس ہو گیا جبکہ1.97پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 17931.44پوائنٹس سے بڑھ کر17933.41پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس31508.51پوائنٹس سے بڑھ کر31596.79پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 22ارب82کروڑ34لاکھ913ہزار515روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم79کھرب 30 ارب 56کروڑ18لاکھ91ہزار947روپے سے بڑھ کر79کھرب 53ارب38کروڑ53لاکھ5ہزار462روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو9ارب روپے مالیت کے 27کروڑ4لاکھ8ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو7ارب روپے مالیت کے 22کروڑ95لاکھ77ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مجموعی طور پر361کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے200کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 146میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور امریکی کرنسی مسلسل تیسرے روز سستی ہو گئی اور قیمت میں 172 روپے کی حد بھی گر گئی۔انٹربینک میں ڈالر مزید 61 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 172 روپے 26 پیسے سے کم ہو کر 171 روپے 65 پیسے ہو گئی ہے۔دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی، فی تولہ سونے کی قدر 2 ہزار 50روپے کم ہوئی اور قیمت 1 لاکھ 18 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔
سٹاک ایکسچینج