پی ٹی آئی نے غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کیخلاف قرارداد جمع کرادی

پی ٹی آئی نے غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کیخلاف قرارداد جمع کرادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ قرارداد پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی بلال غفار، اراکین اسمبلی جمال صدیقی، شہزاد قریشی، ڈاکٹر سنجے گنگوانی، ادیبہ حسن نے جمع کروائی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی لیڈر بلال غفار کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات کانقصان عام آدمی بھگت رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بلڈنگ بنانے والے کر پٹ افسران کیخلاف کاروائی کی جائے۔ نسلہ ٹاور کے متاثرین کو ان کے گھروں کی رقم ادا کی جائے۔ رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے اکاؤنٹس سیز،نام ای سی ایل میں ڈالیں جائیں۔ بلڈر اور سندھ حکومت نسلہ کے متاثرین کا سرمایہ واپس دلوائیں۔ چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت کرپٹ افسران کیخلاف سخت کاروائی کرے۔ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے نسلہ ٹاور کو منہدم کرنے سے پہلے متاثرین کو گھروں  کی رقم ادا کی جائے۔ عام آدمی سرکاری این او سی دیکھ کر گھر خرید لیتا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی ادیبہ عارف حسن کا کہنا تھا کہ نسلہ کی تعمیر میں ملوث سندھ بلڈنگ کے افسران کیخلاف کاروائی یقینی بنائی جائے۔