ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی کے ارکان کا پریس کلب عمر کوٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ ، حکومت مخالف نعرے
عمرکوٹ (سید ریحان شبیر )ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ،بےروزگاری ، آئے روز بجلی اور پیڑول کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی اپیل پر پیپلزپارٹی ضلع عمر کوٹ کے ارکان سمیت عوام کی بڑی تعداد نے پریس کلب کےسامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ ،ڈاکٹر سید نور علی شاہ ،وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پونجو مل بھیل و دیگر نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے غریب عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے حکومت کی غلط پالیسیوں کی باعث پاکستان نازک صورتحال سے دوچار ہے .
ایم پی اے سید امیر علی شاہ نےکہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے اپنے قائد چیرمین بلاول بھٹو کے حکم کے منتظر ہیں ۔ احتجاجی مظاہرے سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں صوفی نواز علی ،ضلعی انفارمیشن سیکرٹری برہان کمبار، گھنشام بجیر ،لیڈیز ونگ کی آپا ملکہ وہلہاری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے تین سالہ دور حکومت میں ملک بھاری قرضوں کےتلے دب چکاہے ، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی آئے روز بجلی ،پیڑول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریب لوگوں کی زندگی اجیرن کرکےرکھ دی ہے ، لوگ غربت ،بھوک ، بےروزگاری کےباعث خودکشیاں کرنےپر مجبور ہیں ۔
احتجاجی مظاہرے میں مرد جیالوں کے ساتھ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مظاہرین نے وفاقی حکومت کےخلاف شدید نعرے بازی کی ، جیالوں کا کہنا تھا کہ اب ہم میدان میں نکل چکےہیں ،عمران نیازی حکومت کو اب گھر جانا ہوگا۔