بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کانو وکیشن ، طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں
کراچی (پ ر )بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا ساتوا ں کانوو کیشن بروز ہفتہ 30 اکتوبر2021 کو ابن سینا آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں ماسٹرز آف فلاسفی کا بیچ پہلے اور دوسرے، ایم بی بی ایس بیچ ساتویں اور آٹھویں ، بی ڈی ایس بیچ چوتھے اور پانچویں، بیچلر آف نرسنگ سائنسس کے دوسرے ، تیسرے اور چوتھے بیچ کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں ۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر بحریہ یونیورسٹی محترم جناب وائس ایڈمرل ریٹائرڈ کلیم شوکت ( ہلال امتےاز ملٹری ) تھے ان کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل جناب وائس ایڈمرل ریٹائرڈ خالد امین( ہلال امتےاز ملٹری ) رجسٹرار بحریہ یونیورسٹی ، ڈین ہیلتھ سائنسس ، پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر عمبرین عثمانی ، پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر وہاب بخش قادری ، وائس پرنسپل میڈیکل پروفیسر خالد مصطفی اور وائس پرنسپل ڈینٹل پروفیسر کلثوم فاطمہ رضوی بھی اس تقریب تقسیم اسناد میں موجودتھے ۔
تقریب کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا ۔ میڈیکل اور ڈینٹل کے طالب علموں کی حلف برداری کا فریضہ ڈین ہیلتھ سائنسز نے ادا کیا جس کے بعد مہمان خصوصی نے ایم فل، ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس اور بی ایس نرسنگ کے گریجویٹس میں اسناداور امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں تمغے تقسیم کیئے۔ 455 فارغ التحصیل میں سے 248 کو موقع پر جب کہ 207 کو ان کی عدم موجودگی میں اسناد تقسیم کی گئی ۔
مہمان خصوصی وائس ایڈمرل ریٹائرڈ کلیم شوکت ( ہلال امتیاز ملٹری ) نے اپنے خطاب میں اس تقریب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں زندگی کے نئے دور میں داخل ہونے کی مبارکباد اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی ۔ دریں اثنا ءاپنے خطاب میں شعبہ طب کی عام آدمی کی زندگی پر پڑنے والے اثرات اور اس کے لئے ایک ڈاکٹر کا جذبہ ایثار اور ہمدردی سے سرشار ہونے پر زور دیا۔
تقسیم اسناد کے بعد ڈائریکٹر جنرل نے مہمان خصوصی کو سووینیئرپیش کرتے ہوئے تقریب کے اختتام کا اعلان کیا ۔