عبدالرزاق داؤد نے ایکسپورٹرز کو بڑی خوشخبری سنادی

عبدالرزاق داؤد نے ایکسپورٹرز کو بڑی خوشخبری سنادی
عبدالرزاق داؤد نے ایکسپورٹرز کو بڑی خوشخبری سنادی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت پالیسی متعارف کروانے جارہی ہے جس میں ایکسپورٹرز کو اضافی مراعات دی جائیں گی۔

لاہور چیمبر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ  گزشتہ تین سالوں کے دوران نئی مصنوعات اور نئی منڈیوں کے حوالے سے پاکستان کی برآمدات میں بہتری آئی ہے جو وقت کے ساتھ مزید بڑھے گی۔ برآمدات کو بڑھانے کا بہترین طریقہ نئی منڈیوں کی تلاش اور نئی مصنوعات متعارف کروانا ہے۔ پچھلے تین سال کے دوران غیرروایتی منڈیوں میں پاکستان کی روایتی مصنوعات کی برآمدات میں ساٹھ فیصد جبکہ روایتی مصنوعات کی برآمدات میں 77فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ  برآمدات بڑھانے کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، حکومت لک افریقہ پالیسی بھی نافذ کررہی ہے، اگلے ماہ ایک حکومتی وفد نائیجیریا کا دورہ کرے گا۔  حکومت افغانستان کے ساتھ ٹرکوں کی فری موومنٹ یقینی بنانے کے لیے ٹی آئی آر کنونشن سائن کرنے جارہی ہے۔ٹیرف ریشنلائزیشن کے لیے انجینئرنگ اور آئرن اینڈ سٹیل سیکٹرز پر فوکس کیا جائے گا۔  سٹیٹ بینک کی ٹمپریری اکنامک ری فنانس فیسلٹی مارچ میں ایکسپائر ہوگئی تھی، اسے ایس ایم ایز اور کچھ مخصوص شعبوں کے لیے بحال کیا جائے گا۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس اور باسمتی چاول کے سلسلے میں معاملات کنٹرول میں ہیں۔ سیلز ٹیکس ریٹ میں کمی کی راہ میں آئی ایم ایف رکاوٹ ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ ہر چیز پر سیلز ٹیکس ہو۔ بجلی کے ٹیرف کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا۔

مزید :

قومی -