اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرام راجہ نے کہا ہے کہ ججز کی تعداد 17 سے 21 کریں یا 24 ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ایک بیان میں سلمان اکرم راجہ نے آئینی بینچ کے سامنے پیش ہونے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ 26 ویں آئینی ترمیم اور آئینی بینچ پر اعتراض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسے درست نہیں سمجھتے اور چیلنج بھی کریں گے لیکن یہ مطلب نہیں کہ اپنے مقدمات لڑنا چھوڑ دیں، جو عدالت میسر ہے اس کے سامنے جائیں گے۔سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے کا بل جمعہ کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق بل قومی اسمبلی میں جمعہ کو پیش کیا جائے گا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 23کی جائے گی اور سپریم کورٹ چیف جسٹس سمیت 23 ججز پر مشتمل ہوگی جبکہ ججز کی تعداد بڑھانےکا بل حکومت کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔