اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت توشہ خانہ کی گاڑیوں کا ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواست دائر کر دی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جج عابدہ سجاد نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم میاں نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔
اس موقع پر نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل رانا عرفان عدالت پیش ہوئے اور سابق وزیر اعظم کی جانب سے ریفرنس واپس کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں مو¿قف اپنایا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کے بعد توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، دائرہ اختیار کو دیکھتے ہوئے توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب کو واپس بھیجا جائے۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔