‏محسن نقوی ”غنڈہ راج“ کے خیالی سیٹ سے باہرنکلیں،پی ٹی آئی

Oct 30, 2024 | 10:03 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر دھاوا بولنے والوں اور ان کے خلاف احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ کو ”وائسرے“ کا خطاب دے دیا ہے۔

آج نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے ‏وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‏محسن نقوی کا بیان نہایت بیوقوفانہ حد تک مضحکہ خیز اور مینڈیٹ چور بندوبست کی ذہنیت کا عکاس ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ‏دوسرے روز دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف ان پڑھ ہی نہیں پرلے درجے کے احمق اور جاہل بھی ہیں، ‏خود ساختہ وائسرائے صاحب قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی شہریت کی منسوخی سے پہلے کسی پڑھے لکھے وکیل سے قانون سے متعلق سیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏ظاہر ہے کہ پاکستان ان کے آباؤ اجداد کی راجدھانی یا خاندانی جاگیر تو ہے نہیں کہ یہاں درباری اپنی زبانوں کے لمبائی کے مطابق بیان دیں، ‏شناختی کارڈ، پاسپورٹس یا شہریت کی منسوخی و اجرا کے فیصلے محسن نقوی کی صوابدید نہیں بلکہ یہ آئین و قانون کے مرہونِ منت ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ‏آئین و قانون کی گردن پر پیر رکھ کر مرضی کے فرمان جاری کرنے کے بیہودہ سلسلے نے دنیا میں پاکستان کا جمہوری اور آئینی تشخص بری طرح مجروح کیا ہے، ‏قاضی فائز عیسیٰ کے کرتوت تو قبر تک ان کا پیچھا کریں گے جبکہ تاریخ اُن کے محاسبے کو تیار ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ‏محسن نقوی ”غنڈہ راج“ کے خیالی سیٹ سے اتریں اور دنیا کو اپنے جاہلانہ جلال دکھانے کی بجائے تھوڑی سی تمیز اور قانون کے احترام کی اداکاری کی ہلکی سی کوشش ہی کرلیں، ‏کسی سے کوئی غلطی یا جرم سرزد ہوا ہے تو خود قاضی کی پتلون پہن کر اچھلنے کی بجائے عدالت کو فیصلے کا موقع دیں۔

مزیدخبریں