کینیا، شاپنگ مال پر حملے سے پہلے دہشتگردوں نے دوکان کرائے پر لی

کینیا، شاپنگ مال پر حملے سے پہلے دہشتگردوں نے دوکان کرائے پر لی

  

نیروبی(آئی این پی)کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گزشتہ دنوں شاپنگ مال پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں نے حملے سے پہلے مال میں ایک دکان کرائے پر لی تھی جس میں حملے کی تیاری کی گئی تھی۔ہفتہ کو برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کینیا کے سینئر سیکورٹی حکام نے بتایا ہے کہ شاپنگ مال پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں نے حملے سے پہلے مال میں ایک دکان کرائے پر لی تھی جس میں حملے کی تیاری کی گئی ۔ حکام کے مطابق دکان کرائے پر لینے کی وجہ سے ان لوگوں کی دسترس میں شاپنگ مال کی سروس لفٹ تک ہو گئی اور اسی کی مدد سے ان لوگوں نے شاپنگ مال میں ہتھیار اور دوسرے سامان جمع کئے۔اسی کی بدولت وہ جارحانہ پوزیشن میں کینیا کی پولیس کا مقابلہ کرتے نظر آئے اور ہتھیار ختم ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر دوسرے ہتھیار مل گئے تھے۔چار دن تک چلنے والے اس حملے میں بتایا جا رہا ہے کہ 67 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کینیا کے ریڈ کراس ادارے کا کہنا ہے کہ 61 افراد ابھی بھی لاپتا ہیں۔القاعدہ سے منسلک صومالی شدت پسند گروپ القاعدہ شباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

مزید :

عالمی منظر -