بجلی بطخ رفتار ،بل برق رفتار: بجلی کی قیمتوں میں 210 فیصد اضافہ،عالمی منڈی میں تیل سستا ، پاکستان میں نرخ بڑھانے کی تیاری
اسلام آباد (ماینٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 6 روپے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد 201 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 14 روپے ہو گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 40 فیصد سے 210 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے ساتھ 201 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ 5.89 روپے اضافے کے ساتھ 14 روپے ہو گیا ہے۔ 301سے 700 یونٹ تک کے صارفین کیلئے 3.67 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 12.33 روپے سے بڑھ کر 15 روپے ہو گئی ہے۔ 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے پر 2.93 روپے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 15.7 روپے سے بڑھ کر 18 روپے ہو گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سوا ملک بھر میں نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گا جس میں کے ای ایس سی کے صارفین بھی شامل ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھی منظوری کیلئے بھیجی جا چکی ہے اور قوی امکان ہے کہ یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ کیا جائے گاجبکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں ایک دالر 63سینٹ کمی واقع ہوئی ہے ۔