ایشین گیمز میں گولڈ میڈل لینے والی وومن کرکٹ ٹیم وطن پہنچ گئی

ایشین گیمز میں گولڈ میڈل لینے والی وومن کرکٹ ٹیم وطن پہنچ گئی

  

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی قومی ویمن کرکٹ ٹیم سوموار کے علی الصبح وطن واپس پہنچ گئی ۔ایئرپورٹ پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا ۔انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ شائقین کرکٹ نے بھی ویمن کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرہ بازی کی ۔ پندرہ رکنی ٹیم میں کپتان ثناءمیر ،نائب کپتان بسمعہ معروف ،سید ہ نین فاطمہ عابدی ،سدرہ نواز ،ندا راشد ،جویریہ ودود ،عثماویہ اقبال ،میرینہ اقبال ،عالیہ ریاض ،کائنات امتیاز ،سماویہ صدیق ،کانیتا جلیل ،ثانیہ اقبال ،انعم امین اور سعدیہ یوسف جبکہ آفیشلز میں مینجر عائشہ اشعر ،کوچ محتشم الرشید اور فزیو تھراپسٹ رفعت اصغر گل شامل ہے ۔پاکستان کی ویمن ٹیم نے بنگلہ دیشن کی ویمن کرکٹ ٹیم کو فائنل میچ میں شکست دے کر نہ صرف اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا بلکہ ملک کے لئے ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل بھی حاصل کیا ۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناءمیر کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں کامیاب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور ہر کھلاڑی نے جیت میں اپنا کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ پوری قوم کو اس فتح پر مبارکبا د دیتی ہیں ۔ایشین گیمز کے دوران کسی بھی میچ کو آسان نہیں لیا گیا اور ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اتری ۔ٹیم کے کوچ محتشم الرشید کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں قومی ویمن ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے ا ور ڈومیسٹک ڈھانچہ کے مضبوط ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو مذید نیا ٹیلنٹ ملے گا ۔ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں جیت قوم کے لئے عید کا تحفہ ہے ۔ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر اور کوچ محتشم الرشید نے کھلاڑیوں کے مورال کو بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -